جمعرات سے غریب گھرانوں میں 12ہزار فی خاندان تقسیم ہونا شروع ہونگے: عمران خان

ویب ڈیسک ۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ احساس پروگرام کے تحت کرونا وائرس سے متاثرہ غریب عوام میں فی کس بارہ ہزار روپے کل بروز جمعرات سے تقسیم ہونا شروع ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ  احساس پروگرام کے تحت امداد کی فراہمی کا جمعرات سے آغاز ہوگا اور ایک کروڑ بیس لاکھ خاندانوں کو فی کس بارہ ہزار روپے ملیں گے۔

کرونا وائرس کی صورتحال پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعرات سے احساس پروگرام شروع ہو رہا ہے۔ اب تک ساڑھے 3 کروڑ افراد نے ریلیف فنڈ کیلئےایس ایم ایس کیا ہے۔انہوں نے واضح کیا اور کہا کہ احساس پروگرام میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں ہے، صرف مستحقین کو پیسے ملیں گے۔ ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو کل سے 12 ہزار ملنا شروع ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہ ملک میں جب کرونا کیسز سامنے آنا شروع ہوئے تو ہم نے تین ہفتے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا تھا، لاک ڈاؤن کے پیش نظر ہم نے اسکول ، کالجز اور جامعات بند کردیئے، فیکٹریاں اور دکانیں بند کیں، لیکن یہ سوچ بھی تھی کہ  جب ہم لاک ڈاؤن کریں گے توغریب ترین طبقے پر کیا اثرات پڑیں گے، پاکستان میں 5 کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، چین نے لاک ڈاؤ ن کرکے لوگوں کو گھروں پرکھاناپہنچایا، لاک ڈاون اس وقت کامیاب ہوگا جب لوگوں کو گھروں پر کھانا اور بنیادی ضروریات دستیاب ہوں گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس مغربی ممالک جیسے وسائل نہیں لیکن اس کے باجود ہمارے ڈاکٹرز اور طبی عملہ فرنٹ لائن پر کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی شکل ہر ملک میں مختلف ہے۔ یہ کہنا غلط ہو گا کہ پاکستان کے لوگوں کی قوت مدافعت زیادہ ہونے سے کرونا یہاں زیادہ اثر انداز نہیں ہو گا۔ ذرا سے لا پرواہی پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہے۔