رحمتوں اور مغفرت کی رات، شب برات، مساجد میں اجتماعات پر حکومتی پابندی، عوام سے گھروں پر عبادت کی تلقین

ویب ڈیسک ۔ آج 15 شعبان کو شب برات مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔ تاہم اس مرتبہ دنیا بھر میں پھیلی کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے شب برات پر مساجد میں ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی اور عوام سے اپنے اپنے گھروں میں عبادات کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامے کے مطابق شہری اپنے گھروں پر نماز ادا کریں، اس کے علاوہ قبرستانوں میں جانے اور وہاں جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوام سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ شب برات پر اپنے گھروں میں رہتے ہوئے بزرگوں اورملک و قوم کیلئے دعائیں کریں، آج رات اپنے پیاروں کو جو اس فانی جہاں کوچھوڑکرمالک حقیقی سے جا ملے ہیں ان کی مغرفت کیلئے گھروں میں بیٹھ کردعا کریں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل کرونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر ملک بھر میں نماز جمعہ کے اجتماعات پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔ جبکہ باجماعت نمازوں کے لئے بھی صرف چار سے پانچ افراد کو ہی مساجد میں نمازوں کی اجازت ہے۔