کینیڈا سے آئے 25پاکستانی کرونا وائرس میں مبتلا نکلے، ملک میں مریضوں کی تعداد 4183 ہو گئی

ویب ڈیسک ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کینیڈا سے آئے 25 مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد ان مسافروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور اسلام آباد ائیرپورٹ کے عملے کے بھی کرونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے شہر ٹورنٹو سے آنے والے 25 پاکستانی مسافروں میں کرونا وائرس پازیٹو نکل آیا ہے۔ مسافروں کو کینیڈا سے آنے کے بعد قرنطینہ منتقل کیا گیا تھا اور ان کے ٹیسٹ لئے گئے تھے جو اب پازیٹو آئے ہیں۔ مسافروں کی رپورٹ مثبت آنے کےبعد ول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد ائیرپورٹ پرمسافروں کو سروسسز فراہم کرنے والے ملازمین کا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

دوسری جانب ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 4183تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں سے 58 مریض اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ جبکہ 467 مکمل صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اسلام آباد 83، صوبہ پنجاب 2132، صوبہ سندھ 932، خیبر پختونخوا 500، بلوچستان 202، آزاد کشمیر 28 جبکہ گلگت بلتستان میں 211 کورونا وائرس کے کنفرم مریض ہیں۔