آصف کے معطل ہونے پر بہت سے بلے باز خوش ہوئے تھے، کیون پیٹرسن

سابق برطانوی کرکٹر کیون پیٹرسن کا کہنا تھا کہ محمد آصف کے معطل ہونے پر بہت سے بیٹسمن خوش ہوئے تھے۔

2010کے سپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں پاکستانی پیسر پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے 10 سال کیلئے بند کردیئے گئے تھے، ٹویٹر پر ایک صارف نے ویڈیو پوسٹ کی جس میں محمد آصف نے انہیں ایک جادوئی گیند کروائی جسے کیون پیٹرسن سمجھنے میں مکمل طور پر ناکام رہے اور وکٹ کیپر کےہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے،

ویڈیو پوسٹ کرنے والے نے کیون پیٹرسن کو ٹیگ کیا جس پر کیون پیٹرسن نے جواب دیا کہ” مجھے لگتا ہے دنیا بھر میں بہت سے بیٹسمن تھے جو آصف کے معطل ہونے پر بہت خوش تھے، میں نے جتنے بھی باؤلرز کا سامنا کیا آصف ان سب میں بہترین تھے، مجھے ان کی باولنگ کبھی سمجھ نہیں آئی”۔

یاد رہے کہ 2010 میں سپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے منظر عام پر آنے کے بعد تین پاکستانی کرکٹر کپتان سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر پر کرکٹ کے دروازے بند کردیے گئے تھے،آئی سی سی کی جانب سے آصف پر 10 سال ، سلمان بٹ پر 8 سال اور محمد عامر پر 5 سال کی سزا عائد کی گئی تھی،

محمد عامر نے پابندی کے بعد قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنا کر اپنی صلاحیتوں کو منوا لیا، سلمان بٹ ابھی تک قومی کرکٹ ٹیم میں تو دوبارہ جگہ نہیں بناسکے لیکن پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی جانب سے نمائندگی کرنے لگے ہیں لیکن محمد آصف ابھی بھی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے منتظرہیں۔