فکسنگ: عمر اکمل پر تین سال کی پابندی

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء سے قبل معطل ہونے والے بیٹسمین عمر اکمل پر تین سال کی پابندی لگا دی گئی اس دوران بیٹسمین کسی قسم کی کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء سے قبل اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر بیٹسمین عمر اکمل کو معطل کر دیا تھا۔ انہیں اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت معطل کیا گیا تھا، جس کے بعد عمر اکمل اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے جاری تحقیقات مکمل ہونے تک کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے۔

پی سی بی کے بیان میں کہا گیا تھا کہ فی الحال عمر اکمل کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں لہٰذا بورڈ اس معاملے پر مزید کوئی بیان جاری نہیں کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ عمر اکمل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے پی ایس ایل میں حصہ نہیں لے سکتے اس لیے تحقیقات کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل 2020 کے لیے عمر اکمل کے متبادل کھلاڑی کا انتخاب کرنے کی اجازت ہو گی۔