مزید صنعتی ادارے اور مارکیٹیں کھولنے کی سفارشات تیار

لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب میں مزید صنعتی ادارے اور مارکیٹیں کھولنے کی سفارشات تیار کر لی گئیں، صوبائی کابینہ نے سفارشات قومی رابطہ کمیٹی کو بھجوا دیں، یوٹیلٹی اسٹورز بھی اب صبح نو سے رات آٹھ بجے تک کھل سکیں گے۔ لاہور کے تاجروں نے نو مئی تک ریلیف نہ ملنے پر خود دکانیں کھولنے کی دھمکی دے دی، کراچی کے تاجروں نے امین الحق کو مطالبات پیش کئے۔

پنجاب میں مزید صنعتی ادارے اور مارکیٹیں کھولنے کی سفارشات تیار کر لی گئیں، صوبائی کابینہ نے منظوری دے دی، مارکیٹوں اور بازاروں کو زونز میں تقسیم کر کے کام کرنے کی اجازت کی تجویز ہے۔ دوسری جانب مزید صنعتی یونٹس کو کام کرنے کی اجازت کی سفارش بھی پیش کی گی جن میں آئرن اینڈ سٹیل انڈسٹری، ہوم اپلائنسز ایکسپورٹ سیکٹر سے منسلک فیڈنگ انڈسٹری اور کنسٹرکشن سے متعلقہ دیگر انڈسٹری شامل ہیں۔

پاور لومز اور ایسی تمام فیکٹریز جن کے اندر اپنی لیبر کالونیاں موجود ہیں، انہیں بھی وفاق سے کھولنے کی درخواست کی گئی ہے، عثمان بزدار نے تمام سفارشات قومی رابطہ کمیٹی کو ارسال کر دیں۔ پنجاب میں یوٹیلیٹی اسٹورز ٹائم کی پابندی سے مستثنیٰ قرار پا گئے، اب یوٹیلیٹی اسٹورز صبح نو سے رات آٹھ بجے تک کھلیں گے۔ لاہور کے تاجروں نے نو مئی تک ریلیف نہ ملنے پر خود دکانیں کھولنے کی دھمکی دے دی، صدر لاہور چیمبر آف کامرس نے تاجروں کے فیصلے پر ساتھ دینے کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر امین الحق سے کراچی تاجر اتحاد کے رہنما عتیق میر سمیت دیگر تاجروں نے ملاقات کی، متحدہ رہنما کا کہنا تھا کہ تاجروں کی مشکلات سے صوبائی اور وفاقی حکومت کو آگاہ کیا جائے گا، کاروبار مرحلہ وار کھولنے کی اجازت دی جائے، لاک ڈاؤن سے متاثر افراد کیلئے خصوصی پیکج لانے کی تجویز دیں گے، کراچی جنوبی کے کمشنر نے آٹو پارٹس ڈیلرز اور امپورٹرز کو آن لائن کاروبار کی اجازت دے دی، خرید وفروخت آن لائن سسٹم کے تحت ہو سکے گی۔ کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کےلیے ایس او پیز پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔

حکومت نے نادرا کے تمام دفاتر پیر سے کھولنے کا فیصلہ کر لیا، آفسز میں داخلے کے لئے ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا، ترجمان کے مطابق نئی رجسٹریشن اور بائیومیٹرک تصدیق کرانے والے سائلین کو ترجیح دی جائے گی۔