کورونا کیسز کی تعداد 27 ہزار 474 ہو گئی،ایک دن میں 24 افراد جاں بحق

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 27 ہزار 474 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 24 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 618 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1637 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں سب سے زیادہ 10 ہزار 471، سندھ میں 9 ہزار 691، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 327، بلوچستان میں ایک ہزار 876، گلگت بلتستان میں 421، اسلام آباد میں 609 جبکہ آزاد کشمیر میں 79 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 2 لاکھ 70 ہزار 25 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 ہزار 982 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 7 ہزار 756 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 24 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 618 ہوگئی۔ سندھ میں 175، پنجاب میں 191، خیبر پختونخوا میں 221، گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان میں 24 اور اسلام آباد میں 4 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اب تک 462 ہسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری ہے، ان ہسپتالوں میں 7295 بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے۔