میرا جی پاکستان واپس پہنچ گئیں، قرنطینہ منتقل کر دیا گیا

پاکستان کی معروف اداکارہ میرا بحفاظت وطن واپس پہنچ گئی ہیں، جس پر انہوں نے اظہار تشکر کیا ہے، انہوں نے اپنی انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ میں پاکستان واپس آگئی ہوں، پاکستان سفارت خانہ، واشنگٹن اور نیویارک قونصل خانے کا بہت بہت شکریہ، انہوں نے بیرون ملک مقیم اپنے پاکستانی بھائیوں کو واپس لانے کیلئے بہت محنت کی۔

اداکارہ میرا نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ سفارتخانوں کیخلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے لیکن میں کہنا چاہوں گی کہ پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے ہر ممکن کوشش کی گئی ہے، پاکستانی حکومت اور سفارتخانے کے بارے مثبت سوچ رکھی جائے۔

پی آئی اے کا چارٹر طیارہ واشنگٹن سے  ایک سو چوالیس پاکستانیوں کو لیکر لاہور پہنچ گیا۔وطن واپس لوٹنے والے مسافروں میں  اداکارہ میرا بھی شامل ہیں۔جنہوں نے سیدہ ارتظہ رباب کے نام سے سفر کیا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسکریننگ کیلئے 88مسافروں کو پی سی ہوٹل، 49مسافروں کو رمادا ہوٹل،چار مسافروں کو یو ایی ٹی کالاشاہ کاکو سینٹر اور ایک مسافر کو سی ایم ایچ منتقل کیا۔جہاں تمام مسافر کچھ روز قیام کے بعد گھروں کو جاسکیں گے۔

اداکارہ میرا نے نیویارک سے متعدد ویڈیوز میں حکومت پاکستان سے وطن واپسی میں مدد کی اپیل کی تھی جس کے بعد پاکستانی سفارتخانہ ان سے مسلسل رابطے میں تھا۔