بابر اعظم ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر، عامر کی سکواڈ سے چھٹی

ویب ڈیسک ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نوجوان بلے باز بابر اعظم کو قومی ون ڈے کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔ جبکہ بائیں ہاتھ کے مایہ ناز باوٴلر محمد عامر کو ٹیم سے ہی فارغ کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیزن 2020-21ء کے لیے 18 کھلاڑیوں پر مشتمل سینٹرل کنٹریکٹ کااعلان کردیا ہے جو کہ یکم جولائی سے نافذ العمل ہو گیا۔ سینٹرل کنٹریکٹ میں نسیم شاہ اور افتخار احمد کو شامل کیا گیا ہے۔ جب کہ کرکٹ بورڈ نے سیزن 2020-21 کے لیے اظہرعلی کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم اور بابراعظم کوقومی ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ کرکٹ ٹیموں کی قیادت سونپ دی ہے۔ اس دوران پاکستان نےمختلف دو طرفہ سیریز میں9 ٹیسٹ، 6 ون ڈے اور 20 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے علاوہ ایشیا کپ اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020  میں شرکت کرنی ہے۔

گذشتہ سیزن میں 18 ٹیسٹ اور 2 ٹی ٹونٹی وکٹیں حاصل کرنے والےشاہین شاہ آفریدی کو اےکیٹیگری میں شامل کرلیا گیا ہے۔عابد علی، محمد رضوان اور شان مسعود کو بی کیٹیگری میں ترقی دے دی گئی ہے۔

ا س کے علاوہ پی سی بی نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں کے لیےنئی ایمرجنگ پلیئر کیٹیگری تشکیل دی ہے۔ جس میں ابتدائی طور پر باصلاحیت نوجوان بلے باز حیدر علی اور نوجوان فاسٹ باؤلرز محمد حسنین اور حارث رؤف کو شامل کیا گیا ہے ۔

حسن علی، وہاب ریاض اور محمد عامر سینٹرل کنٹریکٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے تاہم تینوں کھلاڑی بدستور قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔