دنیا کے پانچ بہترین بلے بازوں میں بابر اعظم سرفہرست

نیوزی لینڈ کے لیگ سپنر اِش سوڈی کے نام سے جانے جانے والے اندربیر سنگھ کا ماننا ہے کہ دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے بابر اعظم کو بولنگ کرانا سب سے مشکل کام ہے۔

گزشتہ روز کھیلوں کی ویب سائٹ کے ساتھ انسٹا گرام کے لائیو سیشن کے دوران ایک سوال کے جواب میں اِش سوڈی کا کہنا تھا ان کے مطابق جو5 بہترین بلے باز ہیں ان میں سب سے پہلا نمبر بابر اعظم کا ہے،اندربیرسنگھ کا کہنا تھا کہ ان کے نزدیک 5 بہترین بلے بازوں میں پہلا نمبر بابر اعظم کا پھرویرات کوہلی، سٹیو سمتھ، کین ولیم سن اور آخر میں جوروٹ کا نمبر ہے۔

ٹاپ آرڈر پاکستانی بیٹسمین بابراعظم سے متعلق بات کرتے ہوئے اِش سوڈی کا کہنا تھا کہ وہ سب سے اچھا کھیلتے ہیں اور ان کے مطابق بابر اعظم کو گیند کرانا سب سے مشکل کام ہے۔

میزبان نے جب اِش سوڈی کو ویرات کوہلی کو بابر اعظم نے نیچے رکھنے کی وجہ پوچھی تو ان کا کہنا تھا کہ25 سالہ بابر اعظم کو بولنگ کرانا ہمیشہ ان کو مشکل کام لگتا ہے،انہوں نے بتایا کے متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی ایک سیریز کے دوران جب اندربیر سنگھ بولنگ کرا رہے تھے تو بابر اعظم نے بہت اچھا کھیلا تھا۔

رواں ماہ کے آغاز میں سابق آسٹریلوی کرکٹر ٹام موڈی بھی اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ بابر اعظم میں ایک خاص قسم کی صلاحیت موجود ہے اور یہ کہ بابر اعظم آنے والی دہائی کے ٹاپ10 بلے بازوں میں سے ہوں گے۔

ٹام موڈی نے یہ بھی کہا کہ کچھ لوگوں کو کھیلتے ہوئے ویرات کوہلی کی بیٹنگ اور ان کا سٹائل اچھا لگتا ہے تو ان کو مشورہ ہے ایک وہ ایک بار بابر اعظم کو بھی کھیلتے ہوئے دیکھیں کیونکہ ٹام موڈی کے مطابق بھی بابر اعظم کچھ ہی سالوں میں اس دہائی کے بہترین بلے باز بن سکتے ہیں۔