حکومت پاکستان نے تمام شہریوں کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ملک میں ماسک پہننا لازم قرار دیا جا رہا ہے۔

کورونا وائرس کے حوالے سے بریفنگ کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ہم نے اب تک ماسک پہننے پر قوم کو چھوٹ دے رکھی تھی کہ چاہیں تو پہن لیں یا نہ پہنیں۔لیکن اب ہم اس کو لازم قرار دے رہے ہیں۔ پبلک مقامات اور رش والے مقامات پر جاتے ہوئے ماسک پہننے کی پابندی ہوگی۔ چند روز میں اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جائے گا۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام صوبائی وزرائے  صحت کے ساتھ طویل مشاورت کے بعد ایک قومی پروگرام تشکیل دیا ہے ۔جس کا نام ہے’وی کیئر’رکھا گیا ہے۔ اس کے تحت پاکستان کے کونے کونے میں پھیلے ایک لاکھ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی ٹریننگ کروائی جائے گی اور بتایا جائے گا کہ پی پی ایز کا موثر استعمال کیسے کیا جاتا ہے۔

معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا علاج دریافت کرنے والی کمپنی کے ساتھ وزیراعظم پاکستان نے رابطہ کیا اور ہم نے اس کمپنی کے ساتھ ایک معاہدہ بھی کیا ہے ۔جس میں طے پایا ہے کہ دنیا کی 6 کمپنیاں یہ دوائیاں تیار کریں گی جس میں سے ایک کمپنی پاکستان کی ہوگی۔ پاکستان میں تیار ہونے کے بعد یہ دوا نہ صرف پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی ضرورت کو پورا کرے گی بلکہ پاکستان سے 127 دیگر ممالک کو ایکسپورٹ کی جائے گی۔