کیا کرونا ہفتے اور اتوار چھٹی پر ہوتا ہے؟سپریم کورٹ کا ملک کی تمام مارکیٹیں پورا ہفتہ کھولنے کا حکم

ویب ڈیسک ۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے ملک بھر میں تمام مارکیٹوں کو کھولنے کا حکم دے دیا، عدالتی حکم کے مطابق تمام مارکیٹیں اور شاپنگ مالز اب ہفتے اور اتوار کو بھی کھلیں گے۔ اس کے علاوہ کراچی کی سیل شدہ مارکیٹوں کوبھی فوری کھولنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق  چیف جسٹس گلزارا حمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ میں کورونا ازخود نوٹس کیس کی سماعت جاری ہے۔ عدالت نے کہا کیا وبا نے حکومتوں سے وعدہ کر رکھا ہے وہ ہفتے اور اتوار کو نہیں آئے گی، کیا حکومتیں ہفتہ اتوار کو تھک جاتی ہیں، کیا ہفتہ اتوار کو سورج مغرب سے نکلتا ہے، ہم تحریری حکم دیں گے ہفتے اور اتوار کو تمام چھوٹی مارکیٹیں کھلی رکھی جائیں۔

چیف جسٹس نے کمشنر کراچی کو دکانیں اور مارکیٹیں سیل کرنے سے روکتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ تاجروں سے بدتمیزی کرنی ہے نہ رشوت لینی ہے، دکانیں سیل کرنے کے بجائے ایس او پیز پر عمل کرائیں ، جو دکانیں سیل کی گئی ہیں انہیں بھی کھول دیں،آپ نئے کپڑے نہیں پہننا چاہتے لیکن دوسرے لینا چاہتے ہیں، عید پر رش بڑھ جاتا ہے، عید کے موقع پر ہفتے اور اتوار کو بھی مارکیٹیں بند نہ کی جائیں۔

عدالت نے کہا وزارت قومی صحت کی رپورٹ اہمیت کی حامل ہے، جن چھوٹی مارکیٹس کو کھولا گیا وہ کونسی ہیں ؟ کیا زینب مارکیٹ اور راجہ بازار چھوٹی مارکیٹیں ہیں ؟ کیا طارق روڈ اور صدر کا شمار بھی چھوٹی مارکیٹس میں ہوتا ؟ جس پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا شاپنگ مالز کے علاوہ تمام مارکیٹیں کھلی ہیں۔