وزیراعظم نے 20 مئی سے ٹرینیں چلانے کی منظوری دے دی، شیخ رشید

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 20 مئی سے 30 مئی تک معیاری ضابطہ کار  (ایس اوپیز) کے ساتھ ٹرینیں چلانے کی منظوری دے دی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کل پشاور میں انتظامات دیکھوں گا اور پھر پرسوں گرین لائن کوروانہ کروں گا،کسی ڈویژن میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی ہوئی تو ڈویژن ہیڈ کےخلاف کارروائی کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 31 مئی تک حالات ٹھیک رہے تو تمام ٹرینیں یکم جون سے کھول دیں گے، لوگ ضابطہ کار پرعمل کرتے ہیں تو سب ٹھیک ہے، شہری کسی مسافر کو چھوڑنے یا لینے نہ آئیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ کسی صوبے سے کوئی اختلاف نہیں ہے،ریلوے چاروں صوبوں کی زنجیر ہے، ٹرین میں سواری آدھی کر دی ہے، ریٹ میں کوئی اضافہ نہیں ہوا جب کہ ریلوے کا عملہ بڑھا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم صوبوں کے ماتحت نہیں اس کے باوجود صوبوں کا احترام کرتے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے کہوں گاکہ ہمارے انتظامات کو ٹھیک رکھیں۔