پی آئی اے حادثہ، طیارہ ساز کمپنی ائیربس کی تحقیقاتی ٹیم کی پاکستان آمد

کراچی(ویب ڈیسک) پی آئی اے طیارہ  حادثے کی تحقیقات کے لیے ائیر بس بنانے والی کمپنی کے ٹیکنیکل ایڈوائزر کی 11 رکنی ٹیم آج صبح کراچی پہنچ گئی۔

ائیربس کمپنی کے ٹیکنیکل ایڈوائزرز فرانس کے جنوبی شہر ٹولاؤس سے پاکستان کیلئے روانہ ہوئے اور ماہرین نے خصوصی پرواز نمبر اے ای بی 1888 میں پاکستان کا سفر کیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ٹیکنیکل ایڈوائزرز کو لانے والی ائیر بس اے 330 نے صبح 6:35 بجے کراچی ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔

کراچی میں فرانسیسی قونصل خانے کے حکام، سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کے افسران نے ٹیکنیکل ایڈوائزرز کا استقبال کیا جس کے بعد  ٹیم کراچی ائیرپورٹ پر واقع ہوٹل میں قیام پذیر ہوئی ہے۔

ٹیکنیکل ماہرین 22 مئی کو کراچی میں پرواز پی کے 8303 کی تباہی کی وجوہات کا کھوج لگائیں گے، ماہرین طیارہ حادثہ کی پاکستانی تحقیقاتی ٹیم سے مشاورت کریں گے۔ 

ذرائع کے مطابق طیارہ ساز کمپنی کی ٹیکنیکل ٹیم کے ارکان کراچی ائیرپورٹ کے رن وے 25 ایل کا معائنہ کریں گے جہاں پائلٹ نے اس پرواز کو گئیر کھلے بغیر لینڈ کرانے کی کوشش کی تھی۔ 

ٹیم کے ارکان پاکستانی تحقیقاتی حکام کے ہمراہ جائے حادثہ کا بھی دورہ کریں گے جب کہ تحقیقات کے لیے جائے حادثہ سے تباہ شدہ ائیربس کی باقیات کی منتقلی پہلے ہی روکی جا چکی ہے، ٹیم طیارے کا بلیک باکس اور دیگر ضروری آلات اپنے ساتھ لے جائے گی، ائیر بس انتظامیہ تحقیقات میں پی آئی اے اور پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کو بھرپور تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔ 

ذرائع کے مطابق تحقیقات مکمل کرکے ٹیم آج رات کراچی سے فرانس روانہ ہوگی۔ 

یاد رہے کہ 22 مئی کو پی آئی اے کا لاہور سے کراچی آنے والا طیارہ رن وے سے چند سیکنڈ کے فاصلے پر آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 97 افراد جاں بحق جب کہ دو افراد معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published.