ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والی دکانیں سیل

لاہور(ویب ڈیسک) ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے مارکیٹوں میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے پر کارروائی کا آغاز  کرتے ہوئے متعدد دکانیں سیل کردیں۔

پنجاب میں کورونا کیسز میں تیزی سے  اضافے کے بعد لاہور میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے مشترکہ آپریشن شروع کردیا۔

 ضلعی حکام اور پولیس افسران نے ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا اور جن دکانوں پر اس کی خلاف ورزی کی گئی انہیں سیل کردیا۔

کارروائی کے دوران جوہرٹاؤن کی جی ون مارکیٹ میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی رائیونڈ نے مختلف دکانیں سیل کر دیں جب کہ ٹاؤن شپ بازار میں 24 دکانوں کو سیل کیا گیا۔ 

اسسٹنٹ کمشنر سٹی تبریز مری نے الیکٹرانکس کی معروف مارکیٹ ہال روڈ میں بھی کارروائی کی اور وہاں بھی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر 35 دکانیں سیل کر دیں۔

علاوہ ازیں پنجاب حکومت کی جانب سے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو جمعہ کے روز سے ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کے لیے سخت ایکشن کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ 

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروانے کے لیے خلاف وزری پر جرمانے عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔