پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری میں ریکارڈ اضافہ

اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کے مختلف شعبوں میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے سرمایہ کاری بڑھی ہے اور اس براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 127 فیصد اضافہ سامنے آیا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا اپریل 20-2019 میں مختلف ملکی شعبوں میں 2.281 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران اس کی مالیت 1.006 ارب ڈالر تھی۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری بجلی اور گیس کے شعبے میں کی گئی جو 35 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں جاری مالی سال میں62 کروڑ زائد ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی توجہ کا دوسرا بڑا مرکز ٹیلی کمیونیکیشن کا ادارہ رہا جس میں رواں مالی سال کے دوران 50 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری دیکھی گئی ہے۔

گزشتہ مالی سال جولائی تا اپریل 18-2019 ٹیلی کمیونیکیشن میں 11 کروڑ 5 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

گیس اور بجلی میں گزشتہ مالی سال کے دوران 45 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کی گئی تھی جبکہ رواں مالی سال میں یہ سرمایہ کاری 1.136 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں 78 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ فنانس اور انشورنس سیکٹر میں سرمایہ کاری میں 2.24 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔