لیجنڈ بیٹسمین یونس خان قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

ویب ڈیسک ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے لیجنڈ بلے باز یونس خان کو دورہ انگلینڈ کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ ان کے ساتھ سابق لیگ سپنر مشتاق احمد کو بھی اہم دورہ کے لئے قومی ٹیم کے سپن باوٴلنگ کوچ کی ذمہ داریاں دے دی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک پریس ریلیز جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان کے کامیاب ترین بیٹسمین اور سابق کپتان یونس خان کو دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔

 اپنی تقرری کے حوالے سے یونس خان کا کہنا ہے کہ میرے لیے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں اور ایک بار پھر ملک کی نمائندگی کا موقع ملنا میرے لیے اعزاز ہے۔

قومی ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونس خان کی ساکھ اور ان کا ریکارڈ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے صلاحیتیں نکھارنے اور بہترین کرکٹرز بننے میں اہم کردار اداکرے گا۔

چیف ایگزیکٹیو پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ یونس خان جیسے قد آور اور شاندار بیٹنگ ریکارڈ کے حامل کرکٹر نے اس اہم دورے کے لیے پاکستان کرکٹ کے ساتھ کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

سابق لیگ سپنر مشتاق احمد کی بطور سپن باوٴلنگ کوچ اور مینٹور تقرری کے حوالے سے چیف ایگزیکٹیو پی سی بی نے کہا کہ مشتاق احمد انگلش کنڈیشنز سے بخوبی واقف ہیں کیونکہ وہ ایک طویل عرصہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام بھی کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسپنرز کی معاونت اور کھلاڑیوں کی مینٹورشپ کے ساتھ ساتھ میچ سے متعلق حکمت عملی کی تیاری کے لیے مصباح الحق کے لیے مددگار ثابت ہوں گے۔