اداکارہ و اینکر عائشہ ثناء لوگوں سے کروڑوں روپے لے کر غائب

لاہور(ویب ڈیسک) اداکارہ و میزبان عائشہ ثنا مختلف لوگوں کے کروڑوں روپے لے کر غائب ہو گئیں ان کا دیا گیا چیک باؤنس ہونے پر ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔عائشہ ثنا نے گھریلو ضروریات و دیگر مقاصد کے نام پر اپنے کئی جاننے والوں سے لگ بھگ 2 کروڑ روپے ادھار لیے لیکن انہوں نے کسی کو بھی پیسے واپس نہیں کیے بلکہ اب وہ تین ماہ سے غائب ہیں اور ان کے بارے میں کسی کو کچھ پتہ نہیں۔

عائشہ ثنا کو ادھار پیسے دینے والے اب ان کو ڈھونڈتے پھر رہے ہیں جبکہ ایک شخص نے ان کے خلاف تھانہ ڈیفنس بی میں مقدمہ بھی درج کرا دیا ہے۔ درخواستگزار علی معین کا کہنا ہے کہ عائشہ ثنا ان کی فیملی فرینڈ ہیں جنہوں نے ان سے نجی ضروریات کے نام پر 20 لاکھ روپے ادھار لیے۔

علی معین کے مطابق جب انہوں نے رقم کی واپسی کا تقاضا کیا تو اداکارہ عائشہ ثنا نے انہیں نجی بینک کا چیک نمبر 00000051 دیا جس پر 26 مارچ 2020 کی تاریخ درج تھی لیکن جب یہ چیک انہوں نے اپنے اکاؤنٹ میں جمع کرایا تو رقم ناکافی ہونے کے سبب باؤنس ہوگیا۔

علی معین کی اس درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔