اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والوں کو کراچی سے سپورٹ حاصل تھی، پولیس کا انکشاف

کراچی(ویب ڈیسک) ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والوں کو کراچی سے سپورٹ حاصل تھی اور یہ حملہ کسی ایک تنظیم کی جانب سے نہیں کیا گیا۔

جیونیوز کے پروگرام ’ جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے کہاکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی پہلے سے تھریٹ تھی جس کی وجہ سے سیکیورٹی بڑھائی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کو کراچی سے سپورٹ حاصل تھی اور یہ حملہ کسی ایک تنظیم کی جانب سے نہیں کیا گیا۔

کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ چینی قونصلیٹ اورپی ایس ایکس پر حملےکا ماسٹر مائنڈ ایک ہی لگتا ہے، دونوں حملوں کی کافی چیزیں مماثلت رکھتی ہیں۔

 ایڈیشنل آئی جی نے مزید کہا کہ مختلف سلیپر سیل سرگرم دکھائی دے رہے ہیں، حملے کے وقت دہشتگردوں کے ساتھ بیک اپ پر کوئی موجود نہیں تھا جب کہ حملہ آوروں سے ملنے والے اسلحے اور ایمونیشن سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر چار دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور اسٹاک ایکسچینج کے 3 سیکیورٹی گارڈ شہید ہوگئے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں دہشتگرد مارے گئے۔