پاکستان کے تجارتی خسارے میں 27 فیصد کی ریکارڈ کمی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی ادارہ برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2019-20 میں تجارتی خسارے میں 27 فیصد کی ریکارڈ کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد پاکستان کا تجارتی خسارہ گھٹ کر 23 ارب 18 کروڑ ڈالر پر آ گیا ہے۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کا تجارتی خسارہ 2018-19 میں 31 ارب 80 کروڑ ڈالر تھا، جس میں 27 فیصد کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق 30جون 2020کو ختم ہونے والے مالی سال کے اختتام پر ملکی برآمدات 21.387 ارب ڈالر رہیں جب کہ اس کا ہدف 24ارب ڈالر رکھا گیا تھا۔19-2018 میں پاکستان نے 22.958 ارب ڈالر کی اشیاء برآمد کی تھیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کے مقابلے میں گزشتہ مالی سال ملکی برآمدات میں 6.8 فیصد کمی آئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق کورونا وبا کے پیش نظر گزشتہ مالی سال ملکی برآمدات میں 4 سے 5 ارب ڈالر کمی کا تخمینہ لگایا گیا تھا جب کہ گزشتہ مالی سال ملکی درآمدات 44 ارب ڈالر رہیں جو 2018-19 کے مقابلے میں 18.6 فیصد کم ہیں، 2018-19 میں 54 ارب 70 کروڑ ڈالر کی اشیاء درآمد کی گئی تھیں۔