مہنگائی میں پسے عوام کے لیے عید کے تحفے تیار، چینی کے بعد پٹرولیم مصنوعات اور گیس سلنڈر کی قیمتوں میں بھی اضافہ

اسلام آباد( ویب ڈیسک )مہنگائی کے بوجھ تلے عوام کے لیے حکومت نے عید کے تحفے تیار کر لیے۔چینی 100 روپے کلو تک مہنگی ہونے کے ساتھ ساتھ اب پٹرولیم مصنوعات اور ایل پی جی گھریلو سلنڈر کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر، مٹی تیل 5 روپے 97پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 6روپے 62پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے۔ پٹرول کی نئی قیمت 103 روپے 97 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 106 روپے 46 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت 65روپے29پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 62روپے 86پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کااطلاق رات 12 بجےسے ہوجائے گا۔اس سے قبل اوگرا کی جانب سے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم اگست سے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 18 روپے 48 پیسے مہنگا کردیا ہے۔اعلامیے کے مطابق ایل پی جی کے 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1363 روپے 55 پیسے مقرر کی گئی ہے۔