پاکستانی نژاد برطانوی شہری عامر سرفراز ہاؤس آف لارڈز کے تاحیات رکن مقرر

لاہور( ویب ڈیسک )پاکستانی نژاد برطانوی شہری عامر سرفراز ہاؤس آف لارڈز کے تاحیات رکن بن گئے۔ عامر سرفراز کو کنزرویٹو پارٹی کے لیے خدمات پر ملکہ برطانیہ نے وزیراعظم بورس جانسن کے مشورے پر ہاؤس آف لارڈ کے ممبر کے اعزاز سے نوازا ۔38 سالہ عامر سرفراز ہاؤس آف لارڈز کے کم عمر ترین رکن ہونے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ان کا آبائی تعلق پاکستان کے شہر گجرات سے ہے اور یہ روانی سے اردو بھی بولتے ہیں ۔عامر سرفراز نے بوسٹن یونیورسٹی اور لندن اسکول آف اکنامکس سے تعلیم حاصل کر رکھی ہےجبکہ کمیونٹی کو مرکزی سیاست کی طرف راغب کرنے کے لیے عامر سرفراز جنگ لندن میں مضامین بھی لکھتے رہے ہیں۔
اعزاز ملنے پرعامر سرفراز کا کہنا ہے کہ ہاؤس آف لارڈز کا تاحیات رکن بننے کا اعزاز ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں، برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات کی مضبوطی کے لیے کام کروں گا۔