ماشاء اللہ :مطافِ کعبہ میں تنہا دعا مانگنےوالی دنیا کی خوش قسمت خاتون

لاہور( ویب ڈیسک )ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ اسے زندگی میں کم از کم ایک مرتبہ اللہ کے مقدس گھر خانہ کعبہ کی زیارت ضرور نصیب ہولیکن ایسا نصیب کس نے سوچا ہو گا کہ مطاف کعبہ میں اسے تنہائی میںدعا مانگنے کا شرف حاصل ہو جائے۔تصور سے کہیں بڑھ کر اس خوش نصیبی سے سرفراز ہونے والی ایک خاتون کی تصویر ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جو تنہا مطاف کعبہ میں دعا مانگ رہی ہیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وَبا کے پیش نظر اس مرتبہ حج کے ایّام میں بعض بڑے نادر اور منفرد واقعات پیش آئے ہیں جن کا عام حالات میں تصور بھی ممکن نہیں۔ایسے واقعات میں تازہ اضافہ ایک تنہا مسلم خاتون کی کعبۃ اللہ کے سامنے عبادت وریاضت ہے اور ان کے ساتھ مطاف میں کوئی دوسرا فرد نظر نہیں آرہا ہے۔
اس خاتون کی کعبۃ اللہ کے سامنے دعا کرتے ہوئے ایک تصویر منظرعام پر آئی ہے۔ایسے منفرد واقعات حضرت آدم علیہ السلام کے روئے زمین پر آنے کے بعد شاذ ہی رونما ہوئے ہیں کہ کسی مومن نے تنہا کعبۃ اللہ کا طواف کیا ہوگا اور اس کے سائے میں اس طرح تنہائی میں عبادت کی ہوگی۔
آج کے دور میں عام حالات میں تو ایسا ممکن نہیں کہ ایک عورت کو اس طرح تنہا بیت اللہ کے طواف اور وہاں عبادت وریاضت کا موقع مل جائے کیونکہ حج کے ایّام میں بالعموم بیس لاکھ سے زیادہ فرزندانِ توحید مکہ مکرمہ میں ہوتے ہیں اور دن ورات میں ہر وقت ہزاروں افراد بیت اللہ کے طواف میں مصروف ہوتے ہیں یا وہاں نمازیں ادا کررہے ہوتے ہیں لیکن اس مرتبہ تعداد اتنی نہیں تھی۔
کعبۃ اللہ میں تنہا خاتون کی تصویر سوشل میڈیا کے ذریعے منظرعام پر آنے کے بعد بہت سی خواتین نے اس حسرت کا اظہار کا اظہار کیا ہے کہ کاش انھیں بھی ایسا کوئی موقع مل جائے کہ وہ مطاف میں بیت اللہ کے سائے میں ہوں اور وہاں کوئی دوسرا نہ ہو۔
ٹویٹر پر ایک خاتون نے لکھا:’’ خوش قسمت خاتون مسجدالحرام میں آج تنہا دعا کررہی ہیں۔‘‘ ایک اور خاتون لکھتی ہیں:’’میں بھی وہاں موجود ہونا چاہتی ہوں، کعبہ کے بالکل سامنے،میرا دل بے تاب ہوا جارہا ہے۔رشک ہے کہ اس خاتون کی قسمت پر۔ ماشاء اللہ ۔‘‘