لاہور میں آلائشوں کا تعفن دور کرنے کے لیے عرق گلاب کا چھڑکائو

لاہور( ویب ڈیسک)عید کے دوسرے روز میں قربانی کا سلسلہ جاری ہے تاہم ملک کے بڑے شہروں میں مختلف مقامات پر قربانی کے بعد آلائشوں کے ڈھیرایک بڑا مسئلہ بن کر سامنے آتے ہیں ۔شہری انتظامیہ کے لیے ان آلائشوں کو اٹھانے کا کام آسان نہیں ہوتا تاہم تعفن کا پھیلائو روکنا بھی ضروری ہے ورنہ شہریوں کا سانس لینا دوبھر ہو جاتا ہے۔آلائشوں کا تعفن دور کرنے کے لیے اس مرتبہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ عرق گلاب کا اسپرے کروا رہی ہے۔ لکشمی چوک، راج گڑھ، مزنگ،گلبرگ، فیروز پور روڈ، وحدت روڈ، سمن آباد، عثمانی روڈ، کالج روڈ، گرومانگٹ روڈ اور جوہر ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں بھی عرق گلاب کا چھڑکاؤ کیا گیا ہے،ترجمان ایل ڈبلیو ایم کے مطابق عید کے دوسرے روز بھی شہر میں صفائی آپریشن جاری ہے جب کہ 1500 لیٹر عرق گلاب سے شہر میں چھڑکاؤ کیا جارہا ہے۔