
اب آپ بتائیں گی کہ فٹ ورک کیا ہوتاہے ؟ سکندر بخت اور عالیہ رشید میں گرما گرمی
عالیہ رشید ، زینب عباس، سویرا پاشا نے کرکٹ تبصروں اور کمنٹری میں نام کمایا ۔ عالیہ رشید ٹی وی سکرینز پر اب نظر آرہی ہیں لیکن عالیہ رشید نے اپنے کرکٹ صحافی کیرئیر کا آغاز معروف کرکٹ جریدے “اخباروطن” سے کیا جو الیکٹرانک میڈیا آنے سے پہلے بہت مقبول تھا۔ اس جریدے میں کرکٹرز کے کیرئیر، کرکٹ سےمتعلق معلومات، پاکستانی اور غیر ملکی کرکٹرز کے انٹرویوز اور تجزئیے شامل ہوتے تھے۔
عالیہ رشید اخباروطن میں کام کرنے کے ساتھ ساتھ ساتھ ڈومیسٹک اور فرسٹ کلاس کرکٹ کور کرتی رہیں۔
عالیہ رشید نے جیو سپر کے شو میں پاک انگلینڈ کرکٹ سیریز پر اپنا تجزیہ پیش کیا ،کچھ روز قبل عالیہ رشید نے محمد رضوان کی وکٹ کیپنگ اور بیٹنگ کی تعریف کی تو سکند بخت غصے سے آگ بگولہ ہوگئے اور پورے شو میں عالیہ رشید سے الجھتے رہے۔
یہ معاملہ اس حد تک بڑھ گیا کہ ایک پروگرام میں سکند بخت نے عالیہ رشید اور سویرا پاشا کو نشانہ بناتے ہوئے کچھ ایسے جملے کہہ ڈالے جنہیں تعصب پر مبنی قرار دیا جاسکتا ہے۔
پروگرام میں عالیہ اور سویرا پاشا کے تبصرے کے بعد سکندر بخت نے کہا کہ جنھوں نے کبھی کرکٹ کا بلا نہ پکڑا ہو، جنھوں نے کبھی زندگی میں بیٹنگ پیڈز نہ پہنے ہوں، وہ ہمیں بتائیں گے کہ فٹ ورک کیا ہوتا ہے؟
عالیہ نے پروگرام کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’مجھے آج جیو سپر پر بتایا گیا ہے کہ کرکٹ پر میرا ٹیکنیکل بات کرنا ’جرم‘ ہے کیونکہ میں ٹیسٹ کرکٹر نہیں ہوں۔‘ ساتھ ہی انھوں نے سوال کیا کہ بتائیے کرکٹ کے متعلق شو میں اور کس چیز پر بات ہونی چاہیے؟
Mujhay aaj GeoSuper per bataya gia kay mera cricket per technical baat karna ‘Crime’ hai kyunkay main Test cricketer nahi hoon. My reaction👇 Plz guide cricket show main kis per baat honi chahyey? pic.twitter.com/U7IWJW7CpO
— Aalia Rasheed (@aaliaaaliya) August 15, 2020
اس کلپ میں عالیہ رشید نے سوال اٹھایا کہ چلیں میں نے تو کرکٹ نہیں کھیلی لیکن عبدالماجد بھٹی اور سید یحییٰ حسینی نے کتنی کرکٹ کھیلی؟ یہ لوگ کس لئے یہاں پر ہیں ؟ کیا اس لئے کہ یہ بتائیں کہ سمیع کی تنخواہ کتنی ہے، وسیم خان کو سر پر لاکر بٹھادیا گیا ہے، روزانہ ادھیڑ رہے ہیں کرکٹ بورڈ کو۔
آپ اپنے کولیگ پر اس طرح تنقید نہیں کرسکتے، آپکو انہیں عزت دینا ہوگی۔ سارے پینل جو یہاں موجود ہیں وہ جیو کی ایڈمنسٹریشن سے پوچھیں کہ ہم یہاں کیوں موجود ہیں؟ آپکی اپنی Credentials کیا ہیں؟ میں نے تو 30، 32 سال رگڑے کھائے ہیں کرکٹ کور کرکے۔ گراؤنڈ پر جاکر، میں نے فرسٹ کلاس ، دومیسٹک کرکٹ کور کی ہے، اب آپ ٹی وی اینکر بن گئے ہیں تو کیا آپ اپنے آپکو خدا سمجھنے لگ گئے ہیں؟ آپکی کیا ویلیو ہے؟آپ نے کیا کیا ہے؟ کیا یہ کہ روزانہ ٹی وی پر بیٹھ کر لوگوں کی ماں بہن برابر کریں؟ جیو اس قسم کے فضول پروگرام کیوں کررہا ہے؟
عالیہ رشید اس قدر غصے میں تھی کہ جیو کی اینکر کو بریک لینا پڑگئی۔
یہ لڑائی کی بنیاد یہ کلپ بنا جس میں کرکٹ اینالسٹ عالیہ رشید کی جانب سے محمد رضوان کی تعریف کرنے پر سکندر بخت غصہ میں آگئے تھے اور عالیہ رشید سے الجھ پڑے تھے۔
اس کلپ سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ہمارا میڈیا کیسے نان ایشوز کو ایشو بنا دیتا ہے. عالیہ رشید صاحبہ نے آئینہ دکھایا تو سکندر بخت صاحب نے چِلانا شروع کر دیا. سیکو بھائی نے سراسر زیادتی کی ہے شو میں، دلیل کے بجائے بحث برائے بحث pic.twitter.com/xd8DeXMqvU
— Ahmer Najeeb (@AhmerNajeeb) August 9, 2020
سکندربخت نے سرفرازاحمد کو نہ کھلانے اور انہیں بارہویں کھلاڑی کے طور پر بھیجنے کا غصہ نکالا تو عالیہ رشید نے سکندر بخت سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ محمد رضوان کی تعریف کرنے کی بجائے سرفرازاحمد پر پروگرام کرتے رہتے ہیں جس پر سکندر بخت نے پوچھا کہ رضوان نے کیا پرفارمنس دی ہے؟
جس پر عالیہ رشید نے کہا کہ محمدرضوان نے وکٹ کیپنگ بہت اچھی کی ہے۔ دنیا کے بڑے بڑے کمنٹیٹرز انکی تعریفیں کررہے ہیں، اس پر سکندربخت نے کہا کہ تعریفیں تو بابراعظم کی بھی ہورہی ہیں، ناصر حسین بھی تعریفیں کررہا ہے ، میں نے اس وقت کہا تھا کہ بابراعظم پہلے رنز کرے پھر بات کریں۔ وہ پچاس، 100 رنز تو کرتا نہیں ہے، میں بابراعظم کی تب تعریف کروں گا جب وہ 50 سے 100 اور 100 سے 150 کرے گا۔
عالیہ رشید نے کہا کہ آپ روز سرفرازاحمد کو لیکر بیٹھ جاتے ہیں، سرفراز قومی ٹیم کے کپتان رہے ہیں، انہوں نے اپنا وقت انجوائے کیا ہے لیکن رضوان جو اچھی پرفارمنس دے رہا ہے اسے کسی نے ہائی لائٹ نہیں کیا۔اگر آپ کو پلیٹ فارم ملا ہے تو آپ ایمانداری سے بات کریں جس پر سکندربخت غصے میں آگئے اور کہا کہ کیا میں بے ایمانی کررہا ہوں؟ آپ اپنے الفاظ واپس لیں۔