صادق سنجرانی پھر سے چیئرمین سینیٹ منتخب، گیلانی کے 7 ووٹ مسترد

ویب ڈیسک، چئیرمین سینٹ کا معرکہ حکومتی امیدوار صادق سنجرانی نے ایک مرتبہ پھر سر کر لیا، پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کو 7 ووٹوں سے شکست، گیلانی کو سینٹ کی سیٹ میں فتح بھی 7 ووٹوں سے ہی نصیب ہوئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق پریزائیڈنگ آفیسر سینیٹر مظفر حسین کی زیر صدارت ایوان بالا کے اجلاس کا آغاز ہوا ۔ حکومتی امیدوار صادق سنجرانی اور مرزا آفریدی جبکہ پی ڈی ایم امیدواروں یوسف گیلانی اور عبدالغفور حیدری نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جو منظور کرلیے گئے۔ پریزائیڈنگ افسر نے امیدواران کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیے۔

چیئرمین کے لیے سینیٹ ارکان نے حروف تہجی کے اعتبار سے ووٹ کاسٹ کیا۔ پہلا ووٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کاسٹ کیا۔ ایوان 100 ارکان پر مشتمل ہے لیکن جماعت اسلامی کی طرف سے غیر حاضر رہنے کے فیصلے اور اسحاق ڈار کے حلف نہ لینے کی وجہ سے اجلاس میں 98 سینیٹرز موجود تھے اور انہوں نے ووٹ کاسٹ کیا۔

غلط اسٹیمپ لگانے کی وجہ سے یوسف رضا گیلانی کے 7 ووٹ مسترد ہوگئے۔ امیدوار کے سامنے باکس کی بجائے ان کے نام پر مہر لگانے کی وجہ سے یہ ووٹ مسترد ہوئے۔ حکومتی امیدوار صادق سنجرانی ایک بار پھر چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پریزائیڈنگ افسر نے بتایا کہ ان 7 بیلٹ پر باکس کے باہر اسٹیمپ لگائی گئی اس لئے یہ مسترد ہوئے۔ مسترد شدہ ووٹ یوسف رضا گیلانی کے باکس کے باہر لگے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published.