مریم کی آمد، نیب آفس ریڈ زون قرار، سیکیورٹی رینجرز کے حوالے

ویب ڈیسک: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی نیب آفس لاہور آمد کے موقع پر سارے علاقہ کو ریڈ زون قرار دے دیا گیا ہے جب کہ کسی بھی ناخوشگواز واقعہ سے نمٹنے کے لئے ریجنرز کے تعیناتی کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی 26 مارچ کو نیب میں پیشی کے حوالے سے پنجاب حکومت نے نیب آفس لاہور کو ریڈ زون قرار دے دیا۔ جبکہ 25 اور 26 مارچ کو نیب آفس لاہور کے اطراف رینجرز اور پولیس کو تعینات کیا جائے گا ، اس حوالے سے پنجاب حکومت نے رینجرز کی طلبی کے لیے وزارت داخلہ کو خط بھی لکھ دیا۔

 مریم نواز کی پیشی کے وقت نیب لاہور کے دفتر کے باہر پی ڈی ایم کے کارکنان کی جانب سے اجتماع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نیب نے وزارت داخلہ سے رینجرز تعینات کرنے کا مطالبہ کیا تھا ، وزارت داخلہ کے لکھے گئے خط میں نیب نے مطالبہ کیا ہے کہ لاہور آفیس کے باہر رینجر کی تعیناتی کے احکامات جاری کیے جائیں ، خط میں لکھا گیا ہے کہ نیب آفس کے باہر ممکنہ اجتماع کی وجہ سے صورتحال خراب ہو سکتی ہے۔

نیب کی جانب سے وزارت داخلہ کو خط لکھنے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ڈرتے ہیں نیب والے ایک نہتی لڑکی سے! جس پر نیب نے قاتلانہ حملہ بھی کیا ، نیب نے دورانِ حراست جو سلوک کیا ، اس کا حساب ابھی باقی ہے ، قوم کے سامنے ناموں سمیت سب آئے گا۔ 

یاد رہے کہ نیب لاہور نے مریم نواز کو چودھری شوگر ملز کیس میں طلب کر رکھا ہے جبکہ پی ڈی ایم نے مریم نواز کی پیشی کے موقع پر ایک جلوس کی شکل میں نیب آفس جانے کا اعلان کیا تھا جس سے شہر میں امن و امان کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published.