معروف گلوکار شوکت علی انتقال کر گئے

ویب ڈیسک: پاکستان مشہور و معروف فلمی و لوک گلوکار شوکت علی طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے۔ وہ کافی عرصے سے جگر کے مرض میں مبتلا تھے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے معروف گلوکار شوکت علی اپنے مداحوں کا اداش چھوڑ کر دنیائے فانی سے چلے گئے۔ شوکت علی ایک طویل عرصے سے جگر کے مرض میں مبتلا تھے اور یہ مرض ان کی موت کی وجہ بنا۔ شوکت علی نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور فلمی گلوکار 1963 میں فلم تیس مار خان سے کیا۔

شوکت علی کو اصل پزیرائی پہلے ریڈیو پھر ٹیلی ویژن اور اس کے بعد ایک لوک گلوکار کی حیثیت سے اسٹیج پر ملی ، شوکت علی اس جوش و خروش سے عارفانہ کلام پڑھتے تھے کہ سننے والوں پر سحر طاری کردیتے تھے۔

انہوں نے1965 اور 1971 کی جنگوں میں جو ملی نغمے گائے اس نے قوم میں حب الوطنی کی ایک روح پھونک دی ، 1982 میں انہوں نے نئی دہلی میں ہونے والی ایشین گیمز میں بھی براہ راست اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھااور شائقین کے دل موہ لیے تھے۔

شوکت علی کو 1990 میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی،1976 میں وائس آف پنجاب، اور 2013 میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئج ، آرٹس اینڈکلچر کی جانب سے پرائڈ آف پنجاب کے ایوارڈ سےنوازا گیا ہے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published.