کراچی جلنے لگا، پاکستان کی تاریخ کا گرم ترین دن، گرمی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

ویب ڈیسک: ابھی اپریل کا شروع ہی ہے اور شہر قائد میں سورج نے آنکھیں دکھانا شروع کر دی ہیں۔ آج کراچی میں پاکستان بننے کے بعد گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا اور شہر کا درجہ حرارت 44 ڈگری تک جا پہنچا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد کراچی میں گرمی کی شدید لہر شروع ہو چکی ہے۔ کراچی میں گرمی کے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے اور دن میں درجہ حرارت 44 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا۔ یہ کراچی میں قیام پاکستان کے بعد سب سے گرم دن تھا۔ اس سے قبل 14 اپریل 1947 کو کراچی کا درجہ حرارت 44.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

طبی ماہرین نے کراچی کے شہریوں کو اس ہیٹ ویو کے دوران گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہری بلا ضرورت گھروں سے مت نکلیں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ موسمی ماہرین کے مطابق یہ ہیٹ ویو ابھی کچھ دن مزید شہر کو اپنی لپیٹ میں رکھے گی۔