
کرونا بے قابو، تشویش ناک حال میں مبتلا مریضوں کی تعداد بلند ترین سطح پر
ویب ڈیسک: ملک میں کورنا وبا کی صورتحال قابو سے باہر ہوتی جا رہی ہے، حالات اب ایسے ہو چکے ہیں کہ پاکستان بھر میں ایسے مریض جن کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے کی تعداد اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ ملک کے کئی ہسپتالوں میں آکسیجن اور وینٹی لیٹرز کی کمی ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں تشویش ناک حالت میں مبتلا مریضوں کی تعداد اپنی بلند ترین سطح کو چھو چکی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت پاکستان بھر میں 3 ہزار 568 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جو کہ گزشتہ سال کرونا وبا کے شروع ہونے سے اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
اسد عمر نے عوام الناس سے کرونا ایس و پیز پر عمل کرنے پر زور دیا اور ماسک کو ہر صورت استعمال کرنے کی تاکید کی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان بھر میں کرونا کی تیسری لہر اپنی انتہائی شدت کو پہنچ چکی ہے اور گزشتہ روز 5020 نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ 81افراد کرونا کے ہاتھوں جان کی بازی ہار گئے۔