
باغیوں کا حملہ، 22بھارتی فوجی ہلاک
ویب ڈیسک: بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں باغیوں نے حملہ کر کے کم از کم 22بھارتی فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ 50کے قریب فوجیوں کے شدید زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جنہیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک فوجی آپریشن کے دوران ماوٴ نواز باغیوں نے حملہ کر کے بھارتی فوج کے 22اہلکاروں کو ہلاک کر دیا جبکہ ایک بڑی تعداد میں فوجی اہلکاروں کو زخمی بھی کیا ہے، جنہیں ریسکیوں آپریشن کے ذریعے ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
بھارتی فوجی حکام کے مطابق ماوٴ باغیوں کے سربراہ کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر فوجی آپریشن شروع کیا گیا جس میں 2000 کے قریب فوجی اہلکار شریک ہیں۔ گھنے جنگلات میں فوجی آپریشن بھارتی فوج کے لئے انتہائی مہلک ثابت ہوا اور آپریشن کے پہلے مرحلے میں اس کے 22فوجی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک ہی دن اتنی بڑی تعداد میں فوجیوں کی ہلاکت پر گہرے غم کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب بھارتی فوج کی جانب سے بڑی تعداد میں ماوٴ باغیوں کو بھی ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے تام جائے وقوعہ سے صرف ایک لاش برآمد ہوئی ہے۔