فخرزمان کے 193 رنز رائیگاں، پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں 17 رنز سے شکست

ویب ڈیسک: جنوبی افریقہ نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان ایک اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 17رنز سے شکست دے دی۔ پاکستانی اوپنر فخرزمان نے آخری اوور تک جان لڑائی اور 193رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم وہ پاکستان فتح نہ دلوا سکے۔

تفصیلات کے مطابق تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آج پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز کوئنٹن ڈی کوک اور آئڈن مارکرم نے کیا، دونوں اوپنرز نے 55 رنز کی شراکت قائم کی تاہم مارکرم 39 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کوئنٹن ڈی کوک نے 80 رنز کی اننگز کھیلی۔

ون ڈاؤن آنے والے کپتان ٹیمبا باوما اور وین دیر ڈوسین نے 101 رنز کی شراکت قائم کی، وین دیر ڈوسین نے جارحانہ 60 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ ہوگئے، ڈیوڈ ملر نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری بنائی جب کہ کپتان ٹیمبا نے 92 رنز بنائے جس کی بدولت جنوبی افریقا کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بناسکی۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3 جب کہ شاہین آفریدی، محمد حسنین اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے اوپننگ بلے باز امام الحق جلد ہی آوٴٹ ہو گئے انہوں نے صرف 5رنز سکور کئے۔ کپتان بابر اعظم بھی 31 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

دوسرے پاور پلے آغاز میں 2 وکٹیں گرنے کے بعد قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اورمحمد رضوان صفر جب کہ دانش عزیز 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ شاداب خان بھی 13 رنز بنانے کے بعد تبریز شمسی کی گیندپر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جس کے بعد آصف علی 19 رنز اور فہیم اشرف 11رنز پر پھیلوکوایو کا شکار بنے۔

اس کے بعد کاگیسو ربادا نے شاہین آفریدی کو 5 رنز پر بولڈ کرکے پویلین کی راہ دکھا دی جب کہ فخر زمان نے شاندار سنچری اسکور کی اور وہ 193 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کا کوئی بھی بلے باز فخر زمان کا ساتھ نہ دے سکا۔ فخر زمان نے 193 میں 10چھکے اور 18چوکے مارے۔ انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی نوازا گیا۔

جنوبی افریقی سر زمین پر یہ کسی بھی بلے باز کے سب سے زیادہ رنز ہیں۔ اس کے علاوہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں دوسری اننگز میں فخر زمان کے 193 رنز بھی سب سے زیادہ رنز ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز آسٹریلوی بلے باز شین واٹسن کے پاس تھا جنہوں نے 185 رنز ناٹ آوٴٹ بنائے تھے۔

تین میچوں کی یہ سیریز اب 1-1 سے برابر ہو گئی ہے۔