
پی ڈی ایم ٹوٹ گئی، عوامی نیشنل پارٹی نے راہیں جدا کر لیں
ویب ڈیسک: حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا بنا اتحاد پی ڈی ایم اپنے انجام کو پہنچ گیا، عوامی نیشنل پارٹی نے باقاعدہ پی ڈی ایم کو چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف بننے والے 11جماعتی اتحاد پی ڈی ایم ٹوٹ گیا، عوامی نیشنل پارٹی نے شوکاز نوٹس دیئے جانے کے بعد پی ڈی ایم اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔ اے این پی رہنماوٴں نے پی ڈی ایم کی طرف سے دیئے جانے والے تمام عہدے چھوڑ دیئے۔
اے این پی رہنما امیر حیدر ہوتی نے پشاور میں پریس کانفرنس میں پی ڈی ایم سے علیحدگی کا باضابطہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ معاملے پر پی پی اور ن لیگ کے دو امیدوار آگئے، پی پی نے اعتراضات اٹھائے لیکن پی ڈی ایم نے اعتراضات دور نہیں کئےجائے اختلافات دور کرنے کے ہمیں شوکاز دیا گیا۔
انہوں نے اعتراض کیا کہ پی ڈی ایم کب سے سیاسی جماعت بن گئی؟ اے این پی کوشوکاز نوٹس دینے کا اختیار صرف اسفندیارولی خان کو ہے، شوکاز سے اے این پی کی سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
یاد رہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی سے ووٹ لینے پر پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔شوکاز نوٹس پر پیپلزپارٹی نے بھی سخت جواب دینے کیلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں ، جواب دینے کی ذمہ داری پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زراری نے پارٹی کے سینئر رہنماﺅں کو دی ہے ۔