
کرونا کی شدید لہر، تعلیمی ادارے 28اپریل تک بند
ویب ڈیسک: ملک بھر میں کرونا وائرس کی تیسری لہر نے تباہی مچا رکھی ہے، اسی تناظر میں این سی او سی نے ملک بھر میں کرونا سے متاثرہ تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے 28اپریل تک بند کر دیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرنگرانی این سی او سی کا ایک اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرائے تعلیم بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملک میں جاری کرونا وبا کے پھیلاوٴ کے تناظر میں تعلیمی و تدریسی عمل پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کوروناسےمتاثرہ اضلاع میں پہلی سے8 ویں جماعت تک کلاسیں 28 اپریل تک بند رہیں گی، انہوں نے کہا کہ نویں سے بارہویں تک کلاسز 19 اپریل سے کھل جائیں گی اور طلبا سخت ایس او پیز کے ساتھ اسکول آئیں گے اور امتحانات کی تیاری کریں گے، متاثرہ اضلاع میں یونیورسٹیز بھی بند رہیں گی اور آن لائن کلاسیں جاری رہیں گی، لیکن جو اضلاع متاثر نہیں ہیں وہاں جامعات کھلی رہیں گی۔
شفقت محمود نے کہا کہ نویں سے بارہویں جماعت کے 40 لاکھ طلبہ ہیں، جن کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مختلف صوبوں نے اپنے اپنے ٹائم ٹیبل بنائے ہیں، کچھ امتحانات جون اور کچھ جولائی میں بھی ہوں گے، اس لیے یونیورسٹیز سے داخلہ ٹیسٹ کی تاریخیں بڑھانے کا کہا ہے، اے اور او لیول کے 85 ہزار طلبہ ہیں جن کے امتحانات مکمل ایس او پیز کے ساتھ اپنے وقت پر مئی میں ہوں گے جس کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ 28 اپریل کو دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں اسکول کھولنے یا عید تک بند رکھنے سے متعلق جائزہ لیں گے۔