جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میں شکست، پاکستان نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی

ویب ڈیسک: پاکستان نے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں جنوبی افریقہ کو 28 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-2سے جیت لی۔ یہ پاکستان کی جنوبی افریقہ میں دوسری سیریز جیت ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں فخر زمان کی سنچری اور کپتان بابر اعظم کے کے 94 رنز کی بدولت جنوبی افریقہ کو شکست دے دی۔ آج جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 320 رنز بنائے ۔

فخر زمان نے مسلسل دوسرے میچ میں سنچری سکور کی اور 101 رنز بنائے جبکہ کپتان بابر اعظم اور امام الحق نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ حسن علی دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اووروں میں 11 گیندوں پر 32رنز بنائے اور پاکستان کو ٹوٹل 320رنز تک پہنچا دیا۔

جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 292رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے ایڈم مارکرم اور جانے من ملان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ماکرم 18 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد جے جے سمٹ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی 17 رنز پر آؤٹ ہوگئے جب کہ کپتان ڈمبا باووما 20 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، ہینری کلیسن کی اننگز صرف 4 رنز تک محدود رہی۔

ملان نے کیلی ویرینا کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم ملان 70 رنز پر ہمت ہار گئے جس کے بعد ویرینا نے پلہلکوایا کے ساتھ ملکر 108 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ اس دوران دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ حارث رؤف نے 44ویں اوور میں ویرینا کو 60 رنز پر آؤٹ کرکے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔

پاکستان نے اس سے قبل 2013 مصباح الحق کی کپتانی میں جنوبی افریقہ کو پہلی بار اسی کی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں شکست دی تھی۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published.