
تحریک لبیک کا احتجاج: پورا ملک بند، جلاوٴ گھیراوٴ میں شدت، پولیس اہلکار شہید، پنجاب میں رینجرز طلب
ویب ڈیسک: تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے جماعت کے سربراہ سعد حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں کئے جانے والے احتجاج میں شدت آگئی ہے۔ پنجاب بھر میں مظاہرین کی جانب سے سڑکوں کو بلاک کرنے، جلاوٴ گھیراوٴ میں شدت آنے کے بعد رینجرز کو طلب کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کو لاہور میں گرفتاری کے بعد شروع ہونے احتجاج میں شدت آتی جا رہی ہے۔ جس کے بعد پنجاب بھر میں رینجرز کو طلب کر لیا گیا۔ لاہور کی اہم شہراہوں پر پولیس اور رینجرز کی گاڑیاں گشت کر رہی ہے۔
فیروزوالا میں مظاہرین کی طرف سے رینجرز اور پولیس پر پتھراؤ کیا جس سے ایک پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہوگیا ہے، شہید ہونے والے اہلکار کی شناخت محمد افضل کے نام سے ہوئی ۔احتجاج کے باعث متعدد اہم شاہراہیں بند ہیں اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ رش میں متعدد گاڑیاں اور ایمبولینسیں بھی پھنسی ہیں۔ کئی مقامات پر مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں بھی ہوئیں جس کے باعث متعدد پولیس اہلکار اور ٹی ایل پی کارکنان بھی زخمی ہوئے۔ پولیس نے 100 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا ہے۔
یاد رہے کہ تحریک لبیک پاکستان نے فرانس کے سفیر کی ملک بدری اور فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کے معاملے پر 20 اپریل کو ناموس رسالتﷺ مارچ کا اعلان کیا تھا۔ تاہم گزشتہ روز لاہور پولیس نے تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کو گرفتار کر لیا جس کے بعد ملک بھر میں احتجاج کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو گیا۔