تحریک لبیک کا احتجاج، جو قانون توڑے گا اس سے سختی سے نمٹا جائے گا: وزارت داخلہ

ویب ڈیسک: وزارت داخلہ دو روز سے ملک میں جاری تحریک لبیک دھرنوں اور احتجاج سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں زیر صدارت امن وامان کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں وزیر مذہبی امور، چیف کمشنر ، آئی جی اسلام آباد شریک ہوئے۔ اجلاس میں تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ حکومت نے شر پسندوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد ملک بھر میں بند راستے کھول دیئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جہاں حالات خراب ہوں گے وہاں 24گھنٹے کے لیے موبائل انٹرنیٹ سروس بند ہو گی۔